امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینے کا ایک موقع ہے، اور یہ تعلقات نئی دہلی کے ساتھ واشنگٹن کی دوستی کی قیمت پر نہیں ہوں گے۔ پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں روبیو نے بتایا کہ بھارت نے حالیہ دنوں میں امریکا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت پر کسی قسم کا خدشہ ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخی تنازعات کی وجہ سے تشویش کی وجوہات ہوسکتی ہیں، تاہم امریکا مختلف ممالک کے ساتھ بیک وقت تعلقات رکھنے کا حامی ہے۔ روبیو نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات پر کام کرنے کے مواقع دیکھ رہا ہے اور اس سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ایک سمجھدار ملک ہے، جس کے بھی ایسے ممالک سے تعلقات ہیں جن سے امریکا کے نہیں، اور یہی ایک عملی خارجہ پالیسی کا تقاضا ہے۔ ان کے مطابق واشنگٹن کے بھارت کے ساتھ تعلقات گہرے، تاریخی اور اہم ہیں، اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری بھارت سے دوستی پر اثر انداز نہیں ہوگی۔