کراچی میں سچل پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں عبدالصمد، رضوان علی اور آفتاب علی شر شامل ہیں، جو خاتون کی بالیاں نوچنے سمیت درجنوں وارداتوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیرقانونی پستول، چھینے گئے موبائل فون، گھڑی اور نقدی برآمد کرلی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈکیت گروہ سپر ہائی وے، سچل، سہراب گوٹھ، مبینہ ٹاؤن اور گردونواح میں وارداتیں کرتا تھا۔ 30 جولائی کو رند گوٹھ میں ہونے والے پولیس مقابلے کے دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی جبکہ ایک ملزم گرفتار ہوا۔پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ گرفتار افراد عادی مجرم ہیں جو ماضی میں بھی کئی بار گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔