پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بھیجا گیا لیگل نوٹس پھاڑ دیا۔ اپنے ویڈیو بیان میں علی ترین نے بتایا کہ لیگل نوٹس میں ان سے تنقیدی بیانات واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، ساتھ ہی معاہدہ ختم کرنے اور بلیک لسٹ کرنے کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔علی ترین نے واضح کیا کہ وہ ایسی دھمکیوں سے خاموش نہیں رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ “اگر آپ کو لگتا ہے کہ میں دباؤ میں آکر چپ ہو جاؤں گا تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پی ایس ایل سے محبت ہے کیونکہ یہ لیگ پورے پاکستان کی ہے، تاہم پی سی بی نے آج تک ان سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا۔ علی ترین نے کہا کہ وہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت کے لیے تیار ہیں، مگر افسوس کہ ان کے مسائل سننے کے لیے پی سی بی کی جانب سے ایک کال یا ای میل تک نہیں کی گئی۔