اسلام آباد میں ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی مبینہ خودکشی کے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ڈی جی سیف سٹی ہارون جوئیہ کریں گے، جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز جواد طارق اور ڈی آئی جی سیکیورٹی عتیق طاہر ٹیم کے ارکان ہوں گے۔ ٹیم نے واقعے کے سلسلے میں ایس پی عدیل اکبر کے ڈرائیور اور آپریٹر سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور سیف سٹی کی تمام فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک شواہد کی بنیاد پر آگے بڑھائی جائیں گی، جبکہ یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ خودکشی سے قبل ایس پی عدیل اکبر نے کس سے فون پر بات کی تھی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ایس پی عدیل اکبر نے سرینا ہوٹل کے قریب دورانِ ڈیوٹی اپنے ہی اہلکار سے پستول لے کر خود کو گولی مار لی تھی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے ایک ٹیلی فون کال کے فوراً بعد یہ قدم اٹھایا۔ پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد ان کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی اور لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
 
		 
                     
                             
                             
                             
                             
                             
				 
				