راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 26 نومبر احتجاج کے مقدمے کی سماعت انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، جس میں مقدمے کے 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، تاہم علیمہ خانم طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئیں۔عدالت نے چیئرمین نادرا کو علیمہ خانم کا قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے اور ڈی جی امیگریشن کو ان کا پاسپورٹ بلاک کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اس کے علاوہ عدالت نے ان کے ضامن کی جائیداد ضبط کرنے اور علیمہ خانم کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات دیتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔سماعت کے دوران پراسیکیوشن کے گواہان اور مالِ مقدمہ عدالت میں پیش کیے گئے جبکہ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بھی موجود تھے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔