اقوام متحدہ کا سوڈان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ 3 کروڑ افراد امداد کے منتظر

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان میں انسانی بحران خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، جہاں 3 کروڑ سے زائد افراد فوری امداد کے متلاشی ہیں۔ ادارے نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ ملک میں فوری طور پر جنگ بندی پر عمل درآمد کیا جائے تاکہ شہریوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 16 ماہ سے الفاشر شہر میں کم از کم ایک لاکھ تیس ہزار بچے محصور ہیں، جبکہ کردفان اور دارفور کی ریاستوں میں حالات “انتہائی خراب” ہیں۔ تشدد اور لڑائی کے باعث نقل مکانی کی نئی لہر شروع ہو گئی ہے، اور صرف گزشتہ ہفتے شمالی دارفور میں تین ہزار سے زائد افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہو گئے۔اقوام متحدہ کے دفتر کے مطابق سوڈان کے عام شہری مسلسل تشدد کا سب سے بڑا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ دفتر نے فریقین سے فوری جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ اور تمام متاثرہ علاقوں تک انسانی امداد کی رسائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ بین الاقوامی ادارہ برائے ہجرت کے مطابق 15 سے 19 اکتوبر کے دوران سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائی میں شدت کے بعد یہ نقل مکانی واقع ہوئی۔