پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ میں بھارت کے اقلیتوں پر مظالم اور انتہا پسندانہ پالیسیوں کو بے نقاب کردیا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقلیتوں پر ظلم و جبر میں ملوث مجرموں کو جوابدہ ٹھہرائے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی قونصلر صائمہ سلیم نے اقلیتوں کے مسائل پر اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر پاکستان کو گہری تشویش ہے، جبکہ بھارت میں انتہا پسند نظریات کے خطرناک اور بھیانک نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ صائمہ سلیم نے کہا کہ بھارتی ریاستی پالیسی اقلیتوں کے خلاف نفرت پر مبنی ہے، جہاں عبادت گاہوں پر حملے اور نسل کشی کے اعلانات معمول بن چکے ہیں۔ انھوں نے خبردار کیا کہ بھارتی انتہا پسند پالیسی نہ صرف انسانی حقوق بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔