علیمہ خانم کو گرفتار نہ کرنے پر پولیس افسروں کو توہینِ عدالت کے نوٹس جاری

راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن علیمہ خانم کو گرفتار نہ کرنے پر پولیس افسران کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ایس پی اور ڈی ایس پی راولپنڈی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس نے علیمہ خانم کے روپوش ہونے کی جھوٹی رپورٹ جمع کرائی، حالانکہ وہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ عدالت نے کہا کہ پولیس نے جعلی رپورٹ دے کر عدالت کو گمراہ کیا۔ عدالت نے علیمہ خانم کے ضامن کے ایک لاکھ روپے کے مچلکے ضبط کرنے کا بھی حکم جاری کر دیا۔