راولپنڈی میں شہری پر وحشیانہ تشدد کرنے والا مرکزی ملزم ساتھیوں سمیت گرفتار

گوال منڈی کے علاقے میں شہری پر انسانیت سوز تشدد کرنے والا مرکزی ملزم اپنے ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ گزشتہ روز 10 ملزمان نے ایک شہری کو برہنہ کر کے ڈنڈوں، پائپوں اور لاتوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر سٹی پولیس نے رات بھر کریک ڈاؤن کیا اور مرکزی ملزم سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔ سی پی او کے مطابق متاثرہ شہری نے رہائشی علاقے میں اسکریپ گودام بنانے کی شکایت کی تھی، جس پر ملزمان نے اس پر حملہ کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی تھی، تاہم ویڈیو سامنے آنے پر پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کارروائی کی گئی۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ شہری لہولہان حالت میں ملزموں سے جان بخشی کی منتیں کرتا رہا، لیکن کسی نے رحم نہ کیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ تشدد میں ملوث کوئی بھی شخص قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔