حکومت کا عوام کو سستا گوشت فراہم کرنے کا فیصلہ مٹن بیف اور چکن کی ایکسپورٹ پر پابندی کی تجویز

اسلام آباد: حکومت نے عوام کو سستا گوشت فراہم کرنے کے لیے مٹن، بیف اور چکن کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔ذرائع وزارت پیداوار کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے گوشت کی قیمتوں میں استحکام ضروری ہے، کیونکہ حالیہ سیلاب سے زراعت اور لائیو اسٹاک دونوں شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لائیو اسٹاک کی کمی کے باعث مٹن، بیف، انڈے اور چکن کی ایکسپورٹ پر کچھ عرصے کے لیے پابندی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ ان اشیاء کی ملکی سطح پر قیمتوں میں کمی لائی جا سکے۔ذرائع کے مطابق گوشت کی بڑھتی قیمتوں نے چکن مارکیٹ کو بھی متاثر کیا ہے۔ مٹن فی کلو 2500 سے 3000 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں سرکاری نرخوں پر فروخت ممکن نہیں ہو رہی۔ذرائع وزارت پیداوار کا مزید کہنا تھا کہ بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے اور مٹن کی 1600 روپے فی کلو مقرر ہے، ایکسپورٹ پر پابندی عائد ہونے سے قیمتوں میں نمایاں کمی کی توقع ہے۔ اس وقت مڈل ایسٹ ممالک کو گوشت کی ایکسپورٹ جاری ہے۔