اسرائیل کا عالمی عدالت انصاف کے حکم کو نظر انداز انروا کو غزہ میں داخلے سے روک دیا

اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، عالمی عدالت انصاف کے واضح حکم کے باوجود اسرائیل نے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا (UNRWA) کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکام نے امریکا کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ انروا کو غزہ میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ عالمی عدالت انصاف نے گزشتہ روز اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اسرائیل یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کہ انروا کے زیادہ تر ارکان کا تعلق حماس سے ہے، اس لیے اسے غزہ میں امدادی سرگرمیوں کی اجازت دینی چاہیے۔ دوسری جانب سعودی عرب، قطر اور اردن نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے کے اقدام پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سعودی عرب نے اسے غیر قانونی اور توسیع پسندانہ عمل قرار دیتے ہوئے مذمت کی، جبکہ قطر نے کہا کہ یہ اقدام فلسطینی عوام کے حقوق سلب کرنے کی کوشش ہے۔ قطر اور اردن دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کا حل صرف دو ریاستی فارمولے کے تحت ممکن ہے اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کو روکے۔