اسلام آباد: پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی تکنیکی وفد کابل پہنچ گیا ہے جو افغانستان میں پاکستانی ویزا نظام میں بہتری کے حوالے سے افغان حکام سے مشاورت کرے گا۔ ذرائع کے مطابق وفد میں وزارتِ داخلہ، متعلقہ محکموں کے افسران اور ٹیکنیکل ماہرین شامل ہیں۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے ویزا نظام میں اصلاحات کا جائزہ لے گا۔ یہ دورہ حالیہ پاک افغان کشیدگی یا سرحدی جھڑپوں سے پہلے طے کیا گیا تھا اور اس کا موجودہ تناؤ یا مذاکراتی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں آن لائن ویزا اجراء، بائیو میٹرک نظام میں بہتری اور دیگر تکنیکی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وفد کے دورے کا مقصد ویزا کے اجرا کے عمل کو مزید شفاف، تیز اور مؤثر بنانا ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں اور سفر میں آسانی پیدا کی جا سکے۔