نوشکی میں دہشتگردوں کا حملہ: فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے غریب آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ اچانک فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے سپاہی رزاق اور سپاہی عبداللہ موقع پر ہی شہید ہوگئے، جب کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ ممکنہ طور پر دہشتگردی یا ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔پولیس کے مطابق شہید اہلکار حساس علاقے میں معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ کے بعد دیگر اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کے شہید ہونے کی تصدیق کی۔ پولیس کے مطابق اہلکاروں کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔حکام کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، جب کہ سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ بلوچستان پولیس کے اعلیٰ افسران نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، خاص طور پر اُن علاقوں میں جہاں پہلے ہی سیکیورٹی صورتحال نازک ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حملوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اہلکاروں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔