جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان نے واٹس ایپ پر ریکارڈ کیے گئے 10 گواہوں کے بیانات کو چیلنج کر دیا

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں واٹس ایپ پر ریکارڈ کیے گئے 10 گواہوں کے بیانات کو عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔ عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ واٹس ایپ لنک کے ذریعے ریکارڈ کیے گئے بیانات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، اس لیے جیل ٹرائل ختم کر کے اوپن کورٹ میں کارروائی کی جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جن گواہوں کے بیانات سنے ہی نہیں گئے، ان پر جرح ممکن نہیں، لہٰذا انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ان گواہوں کو دوبارہ طلب کیا جائے اور ان کے بیانات نئے سرے سے ریکارڈ کیے جائیں۔ عدالت نے عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کر دیا ہے اور فریقین کے وکلاء کو 5 نومبر کو دلائل پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔