پولیس کی بلٹ پروف گاڑیوں کے معاملے پر وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا کے درمیان تنازع میں اب بلوچستان حکومت بھی شامل ہوگئی ہے۔بلوچستان کے وزیرِاعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی طرح بلوچستان بھی دہشتگردی سے شدید متاثر صوبہ ہے۔ میں وفاقی وزیرِداخلہ محسن نقوی سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر کے پی حکومت یہ بلٹ پروف گاڑیاں نہیں لینا چاہتی تو یہ گاڑیاں بلوچستان کو دے دی جائیں۔وزیرِاعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان کو دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے اضافی حفاظتی سازوسامان کی ضرورت ہے، اس لیے یہ بلٹ پروف گاڑیاں ہمیں فراہم کی جائیں تاکہ ہم انہیں سیکیورٹی کے مقاصد کے لیے استعمال کر سکیں۔یاد رہے کہ وفاقی وزیرِداخلہ نے خیبرپختونخوا پولیس کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں آئی جی کے حوالے کی تھیں، تاہم کے پی کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاق کی جانب سے دی گئی گاڑیاں واپس کرنے کی ہدایت کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق نے خیبرپختونخوا کو ناقص اور پرانی گاڑیاں دی ہیں جنہیں استعمال میں نہیں لایا جا سکتا۔
 
		 
                     
                             
                             
                             
                             
                             
				 
				