اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں علاقائی صورتحال، خصوصاً غزہ اور فلسطین کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ اور فلسطین سمیت تازہ علاقائی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان رابطہ ہوا تھا، جس میں فیصل بن فرحان نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کی تعریف کی اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا تھا۔اسحاق ڈار نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ علاقائی و عالمی معاملات پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
 
		 
                     
                             
                             
                             
                             
                             
				 
				