ایبٹ آباد میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 152ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نیوکلیئر ماحول میں دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ فیلڈ مارشل نے بنگلہ دیش، عراق، مالی، مالدیپ، نائیجیریا، نیپال، فلسطین، قطر، سری لنکا اور یمن کے کیڈٹس کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان سے اب تک افواجِ پاکستان نے قوم کی حمایت سے دفاعِ وطن میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ حالیہ آپریشن “معرکۂ حق / بنیانِ مرصوص” میں دشمن کو شکست دے کر قوم کا اعتماد مزید مضبوط کیا گیا۔ ان کے مطابق پیشہ ورانہ کارروائیوں کے دوران دشمن کے رافیل طیارے مار گرائے گئے، ایس-400 سسٹمز سمیت متعدد بیسز کو نشانہ بنایا گیا، اور پاکستان نے ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔