آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نان بائی ایسوسی ایشن کا 28 اکتوبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

راولپنڈی میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد نان بائی ایسوسی ایشن نے 28 اکتوبر کو تندور شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فائن آٹے کی 80 کلو بوری 11 ہزار 700 روپے سے تجاوز کر گئی جبکہ لال آٹے کی بوری 10 ہزار 500 روپے سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد نان کی قیمت 30 روپے سے بڑھا کر 35 روپے اور روغنی نان 50 روپے سے بڑھا کر 60 روپے کر دیا گیا ہے۔ نان بائی ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ انہیں مہنگا آٹا خرید کر سستی روٹی فروخت کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جبکہ آٹا مافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے بھاری جرمانے اور گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس کے باعث انہوں نے احتجاجاً ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔