پاک افغان طورخم بارڈر کو آمد و رفت کے لیے جلد کھولے جانے کا امکان ہے، دونوں ممالک کے حکام نے اس پر اتفاق کرلیا ہے۔ اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفارتی حکام نے بتایا کہ اگر کوئی نیا تنازع پیدا نہ ہوا تو اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں بارڈر کھول دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سرحد پر تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے، امپورٹ اور ایکسپورٹ اسکینر دوبارہ نصب کردیے گئے ہیں جبکہ کسٹم اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی لگادی گئی ہیں۔ بارڈر حکام کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام سے احکامات موصول ہوتے ہی طورخم بارڈر کھول دیا جائے گا، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان باضابطہ قافلوں کی آمدورفت بحال ہو جائے گی۔ یاد رہے کہ پاک افغان طورخم بارڈر گزشتہ 9 روز سے بند ہے، جس کے باعث تجارت اور پیدل آمدورفت معطل ہے جبکہ چمن، طورخم، غلام خان اور انگور اڈا پر سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں اور مال بردار گاڑیوں میں سامان خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔