دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر ریلوے کا بڑا فیصلہ ٹرینوں میں جیمرز نصب کرنے کی ہدایت

محکمہ ریلوے نے دہشتگردی کے بڑھتے واقعات اور قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کی روک تھام کے لیے ٹرینوں اور مسافروں کے تحفظ کے لیے اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ حکام کے مطابق ریلوے نیٹ ورک کو ممکنہ دہشتگردانہ حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے ہر ٹرین میں تین جیمرز نصب کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جب کہ حساس ریلوے روٹس پر سیکیورٹی گشت میں اضافہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔یہ فیصلہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کی جانب سے 7 اکتوبر کو جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دھماکے کے بعد کیا گیا، تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ریلوے نظام اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔