نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بڑی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے اوسط ٹیرف 39.97 روپے فی یونٹ سے کم کرکے 32.37 روپے فی یونٹ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کی ملٹی ایئر ٹیرف (2024 تا 2030) درخواستوں پر تفصیلی جائزے کے بعد جاری کیا گیا۔ فیصلہ جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی بزنس کے مختلف پہلوؤں پر مشتمل ہے۔اتھارٹی نے کے الیکٹرک کے 50 ارب روپے کے رائٹ آف کلیمز سے متعلق اپنے سابقہ فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ اس میں ترمیم یا تبدیلی کی کوئی بنیاد نہیں پائی گئی۔ نیپرا کے مطابق نظرِ ثانی شدہ فیصلے میں ٹیرف سے متعلق چند نکات میں ترامیم کی گئی ہیں، جن سے کے ای کے نرخ میں فی یونٹ 4 سے 5 روپے تک کمی متوقع ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کو نظامی تقاضوں کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کرنا ہوں گی، کم لاگت قومی بجلی پر انحصار بڑھانا ہوگا، جبکہ کے ای کے تھرمل پلانٹس کی اقتصادیات کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا۔ نیپرا نے ایس جی ای پی ایس اور کے ٹی جی ای پی ایس پلانٹس بند کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے، جن کے ٹیرف 23 ستمبر سے ختم کر دیے گئے ہیں۔
پاور ڈویژن کو ہدایت کی گئی ہے کہ پلانٹس کے خاتمے کے باوجود بجلی فراہمی متاثر نہ ہو۔ دوسری جانب، کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی نیپرا کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے اور مستقبل کا لائحہ عمل ریگولیٹری فریم ورک کے مطابق طے کیا جائے گا۔