خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کا امن جرگہ بلانے کا اعلان

خیبرپختونخوا کے نو منتخب وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے 25 اکتوبر کو ضلع خیبر میں ایک عظیم الشان امن جرگہ بلانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ امن کے قیام کے لیے قبائلی عمائدین، سیاسی رہنماؤں اور نوجوانوں پر مشتمل یہ جرگہ تحصیل باڑہ میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ جرگہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر صرف امن کے مقصد کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔سہیل آفریدی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے فیصلوں میں خیبرپختونخوا کے عوام کی خواہشات کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم اپنی زندگیوں اور مستقبل کے فیصلے خود کریں گے، کسی کو بھی بند کمروں میں کیے گئے فیصلے عوام پر مسلط نہیں کرنے دیں گے۔”وزیرِاعلیٰ نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت عمران خان کے نظریے اور عوامی مفاد کے ساتھ کھڑی ہے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق نئی صوبائی کابینہ کے لیے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، جس کا باضابطہ اعلان دو روز میں متوقع ہے۔پہلے مرحلے میں 8 سے 19 اہم وزارتوں کے نام سامنے آئیں گے، جبکہ دیگر وزرا کے نام پی ٹی آئی کے بانی سے مشاورت کے بعد فائنل کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق نئی کابینہ میں تجربہ کار اور نئے دونوں چہرے شامل کیے جائیں گے تاکہ انتظامی معاملات متاثر نہ ہوں۔