کراچی اور حیدرآباد میں ٹماٹروں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، مرغی کے گوشت سے بھی مہنگے ہوگئے

کراچی اور حیدرآباد میں ٹماٹروں کی قیمتوں کو پر لگ گئے، جو عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکے ہیں۔ دونوں شہروں میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت مرغبانی گوشت سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔

کراچی میں ٹماٹر 500 روپے فی کلو تک فروخت ہورہے ہیں، جبکہ مرغی کا گوشت 450 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ مختلف علاقوں، گلی محلوں اور بازاروں میں ٹماٹر 450 سے 550 روپے فی کلو کے درمیان فروخت کیے جارہے ہیں۔دکانداروں کے مطابق افغانستان سے ٹماٹروں کی آمد بند ہونے اور پنجاب سے سپلائی محدود ہونے کے باعث قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت کراچی میں 90 فیصد ٹماٹروں کی مانگ ایرانی ٹماٹروں سے پوری کی جارہی ہے، تاہم ان کی رسد بھی ناکافی ثابت ہورہی ہے۔حیدرآباد میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں، جہاں ٹماٹروں کی قیمت 550 سے 600 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کے بغیر سبزی پکانا ممکن نہیں، لیکن اب قیمتیں اتنی بڑھ گئی ہیں کہ خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے ٹماٹروں کی سرکاری قیمت 280 روپے فی کلو مقرر کی ہے، تاہم عام بازاروں اور بچت بازاروں میں دکاندار اس نرخ پر فروخت کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈی میں ہی ٹماٹر مہنگے مل رہے ہیں، اس لیے وہ سستی قیمت پر فروخت نہیں کرسکتے۔ بچت بازار انتظامیہ کے مطابق اگر دکاندار سرکاری نرخ پر عمل نہیں کرتے تو انہیں فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔