پاکستان اور افغانستان میں سیز فائر معاہدہ، دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی سرزمین کے احترام پر اتفاق کیا: خواجہ آصف

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں ہوا۔ دونوں ممالک نے آئندہ چند دنوں میں مزید ملاقاتوں اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مستقل مکینزم بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے قطر میں ہونے والے مذاکرات کے بعد اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر بیان دیتے ہوئے تصدیق کی کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیز فائر معاہدہ طے پا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کا سلسلہ فوری طور پر بند ہوگا اور دونوں ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کریں گے۔خواجہ آصف نے مزید بتایا کہ 25 اکتوبر کو استنبول میں دونوں ممالک کے وفود کی دوبارہ ملاقات ہوگی، جس میں تفصیلی بات چیت کے ساتھ مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے قطر اور ترکیہ کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے قیامِ امن میں اہم کردار ادا کیا۔