فیلڈ مارشل عاصم منیر کا طالبان کو سخت پیغام افغان سرزمین استعمال کرنے والی پراکسیز پر لگام ڈالیں

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا طالبان کو پیغام — افغان سرزمین استعمال کرنے والی پراکسیز پر لگام ڈالیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایبٹ آباد میں پاکستان ملٹری اکیڈمی (کاکول) میں 152ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے افغان طالبان کو سخت پیغام دیا کہ وہ ان پراکسیز پر کنٹرول کریں جو پاکستان پر حملے کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی ریاستی سرپرستی کے تحت دہشت گردی کو بطور پالیسی برقرار رکھے ہوئے ہے اور دشمن فتنہِ الہند اور فتنہِ الخوارج کو ’ہائرڈ گنز‘ کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ افغان سرزمین کا استعمال پاکستان کے خلاف گھناؤنے حملوں کے لیے انتہائی پریشان کن ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوامی تعاون سے ان پراکسیز کو شکست دی جائے گی۔جنرل عاصم منیر نے افغان عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ دائمی تشدد کے بجائے باہمی سلامتی کا انتخاب کریں، اور کہا کہ روایتی میدان میں حاصل کی گئی فتح کی طرح ہر ریاستی پراکسی کو خاک میں ملایا جائے گا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اُن کا موقف تھا کہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں جاری ظلم و تشدد ختم ہونا چاہیے اور پاکستان کشمیری عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے تک اپنی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے غزہ میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ جنگ بندی برقرار رہے تاکہ امداد اور بحالی کا عمل آگے بڑھ سکے۔ آخر میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی عسکری، سفارتی اور اقتصادی صلاحیتیں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گی اور ہمارا عزم و ہمت مضبوط و پختہ ہے۔