راول ڈیم میں آلودگی کے باعث مچھلیوں کی ہلاکت، شہریوں کی صحت کو خطرات

اسلام آباد: راول ڈیم میں آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جس کے باعث مچھلیوں کی بڑی تعداد مرنے لگی ہے اور شہریوں کی صحت کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ڈیم کی سطح پر سینکڑوں مردہ مچھلیاں تیرتی دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ علاقے میں بدبو اور تعفن نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ راول ڈیم سے راولپنڈی شہر کو پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے، اس لیے آلودہ پانی شہریوں کے لیے بھی صحت کے سنگین مسائل پیدا کرسکتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کئی برسوں سے بنی گالہ اور ملحقہ آبادیوں کا سیوریج کا پانی راول ڈیم میں ڈال رہی ہے، جس سے آبی حیات سمیت انسانوں کے لیے خطرناک صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ موسمِ گرما میں پانی کی سطح کم ہونے سے مچھلیوں کی ہلاکت کے واقعات پہلے بھی پیش آتے رہے ہیں، تاہم حالیہ دنوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باوجود آلودگی برقرار ہے۔ علاقہ مکینوں نے ماحولیاتی اداروں اور انتظامیہ سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آلودگی پر قابو پا کر شہریوں کو صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔