پنجاب بھر میں مذہبی جماعت کے پُرتشدد احتجاج پر 5600 سے زائد افراد گرفتار

لاہور مذہبی جماعت کے پُرتشدد احتجاج اور پولیس پر حملوں کے واقعات میں نامزد گرفتار ملزمان کی تعداد 5600 سے تجاوز کر گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں پُرتشدد مظاہروں کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔پولیس کے مطابق صرف لاہور کے مقدمات میں نامزد 681 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ صوبے بھر سے مجموعی طور پر 5600 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں موبائل کال ریکارڈز، واٹس ایپ ڈیٹا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ٹریکنگ کی مدد سے عمل میں لائی جا رہی ہیں تاکہ شرپسند عناصر کا مکمل سراغ لگایا جا سکے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پھیلانے والے افراد کی نشاندہی بھی جاری ہے اور ایسے عناصر کے خلاف گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پُرتشدد مظاہروں میں ملوث کسی بھی شخص کو معاف نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔