اسلام آباد وفاقی دارالحکومت میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عثمان کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ زارا ہائٹس کی پارکنگ میں پیش آیا، جہاں چار مسلح افراد نے ان کی گاڑی روکی اور زبردستی ساتھ لے گئے۔ یہ واقعہ 14 اکتوبر کو شام 7 سے 8 بجے کے درمیان پیش آیا، جس کی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ مغوی افسر کی اہلیہ کی درخواست پر تھانہ شمس کالونی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم اب تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 10 اگست کو بلوچستان کے علاقے زیارت میں اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل اور ان کے بیٹے مستنصر بلال کو دہشت گردوں نے اغوا کیا تھا۔ گزشتہ روز مستنصر بلال کو ہرنائی کے پہاڑی علاقے سے بازیاب کرالیا گیا، تاہم اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل تاحال بازیاب نہیں ہوسکے۔ اغواکاروں نے باپ بیٹے کی ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں وہ اپنی رہائی کے لیے اپیل کر رہے تھے۔ بلوچستان حکومت نے اغواکاروں کا سراغ لگانے پر 5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کی بازیابی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کوششیں جاری ہیں۔