کراچی: اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 4 بھتہ خوروں کو کیماڑی کے علاقے سے گرفتار کرلیا۔ ملزمان تاجروں کی ریکی کرکے ان کی معلومات وصی اللہ لاکھو کو واٹس ایپ پر بھیجتے تھے۔ایس ایس پی امجد شیخ کے مطابق رات گئے ہونے والے پولیس مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کا تعلق وصی اللہ لاکھو اور بہادر پی ایم ٹی گروہ سے بتایا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ریکی کے بعد تاجروں کو بھتے کی پرچیاں اور گولیوں والے لفافے بھجواتے تھے، جن میں بھتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں درج ہوتیں۔ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان سے چار پستول اور بھتہ طلبی میں استعمال ہونے والا موبائل فون برآمد کرلیا گیا ہے۔ گرفتار افراد کی شناخت عبدالحمید، بلال، فقیر محمد اور ارسلان کے ناموں سے ہوئی ہے، جن میں ایک ملزم زخمی بھی ہے۔حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف بھتہ خوری، ڈکیتی، قتل اور اقدامِ قتل کے متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ ان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔