لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں واقع ایک سات منزلہ خطرناک عمارت کو مسمار کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کے تحت یہ اقدام اٹھایا۔ مذکورہ عمارت ساٹھ گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی، جس میں سولہ فلیٹس موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ نے عمارت کے تین فلور خالی کروا کر بالائی منزلوں کو گرانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر ڈیمولیشن، ریحان قائمخانی کے مطابق آگرہ تاج کالونی میں ایک سات منزلہ اور ایک چھ منزلہ عمارت کو مسمار کیا جا رہا ہے، جبکہ ضلع ساؤتھ میں ساڑھے چار سو کے قریب مخدوش عمارتیں موجود ہیں، جن میں سے بیشتر کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ پرانی عمارتوں کے گرنے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کے واقعات کے بعد یہ مہم دوبارہ بحال کی گئی ہے، جو پانچ ماہ کے تعطل کے بعد شروع کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے خطرناک عمارتوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔