پاکستان میں سونے کی قیمت میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ، عالمی مارکیٹ میں بھی ریکارڈ اضافہ

بین الاقوامی اور مقامی بازاروں میں سونے کی قیمتوں نے نئی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے۔ پاکستان میں فی تولہ سونا 14 ہزار 100 روپے کے نمایاں اضافے کے بعد 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ دس گرام سونا بھی 12,089 روپے کے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 91 ہزار 718 روپے کی بلند قیمت پر پہنچ گیا ہے۔ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونا 141 ڈالر کے بڑے اضافے کے ساتھ 4,358 ڈالر فی اونس کی تاریخی سطح پر پہنچ چکا ہے۔ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں کمی اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی تلاش سونے کی قیمت میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔ روایتی طور پر سونا محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جو افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے دوران اپنی قیمت بڑھاتا ہے۔ پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی جاتی ہے۔