خانیوال میں پسند کی شادی پر فائرنگ: شوہر قتل، بھائی زخمی

خانیوال کے نواحی علاقے چک 88 میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں شوہر جاں بحق جبکہ اس کا بھائی شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول شاہد نے ڈیڑھ ماہ قبل شورکوٹ کی رہائشی عائشہ سے پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں میاں بیوی لڑکی کے اہلخانہ کے خدشات کے باعث خانیوال میں چھپ کر رہائش پذیر تھے۔تحقیقات کے مطابق شاہد پہلے سے شادی شدہ اور تین بچوں کا باپ تھا۔ واقعے سے قبل افتخار آرائیں کے گھر ایک پنچایت منعقد ہوئی تھی، جس میں طے پایا کہ شاہد عائشہ کو طلاق دے گا، اور اس کے بدلے میں عائشہ کا بھائی شاہد کی 13 سالہ بہن کو طلاق دے گا۔ شاہد کے ماموں کے مطابق پنچایت کے دباؤ پر شاہد کی کم سن بہن کا نکاح عائشہ کے کم عمر بھائی سے کرایا گیا، تاہم پنچایت سے واپسی پر عائشہ کے بھائیوں نے فائرنگ کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں شاہد موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا بھائی شدید زخمی ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے گئے۔ ڈی پی او خانیوال کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جنہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔