قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک-صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقہ کے بیٹر ریکلیئن اور ٹونی ڈی زوزی نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم ڈی زوزی اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد نعمان علی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریسٹن سٹبز اور ڈیوڈ بریوس کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ ساجد خان نے سیٹ بیٹر ریان ریکلیٹن کو 45 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے ورینی، سبراِین اور آخری بیٹر کو آؤٹ کر کے میچ پاکستان کے نام کر دیا۔دوسری اننگز میں نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں ساجد خان کے حصے میں آئیں۔ نعمان علی نے مجموعی طور پر میچ میں 10 وکٹیں حاصل کر کے بہترین کارکردگی دکھائی۔یاد رہے کہ میچ کے تیسرے دن جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 269 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، جبکہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز اسکور کیے تھے۔