راولپنڈی (نمائندہ ADN نیوز) — راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان سمیت 10 ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی۔سماعت کے دوران علیمہ خان نے فردِ جرم پر دستخط کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے میری قلم چیلنج کرنے کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔عدالت کے جج امجد علی شاہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ “فردِ جرم عائد کرتے ہیں، درخواست بھی سن لیں گے”۔سرکاری پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے علیمہ خان کی درخواست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ یہ صرف عداتی وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔عدالت نے علیمہ خان کی درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ فردِ جرم کی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے، وکلاء دلائل پیش کریں۔علیمہ خان نے آج انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کی شق 23 کے تحت عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا۔ پراسیکیوشن نے مؤقف اپنایا کہ اس اقدام سے ٹرائل کو نہیں روکا جا سکتا، جب کہ کیس میں نامزد 8 ملزمان کو پہلے ہی سزائیں ہو چکی ہیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے 5 گواہوں کو طلب کر لیا۔ علیمہ خان کی درخواست پر وکیلِ صفائی بھی آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے۔یاد رہے کہ علیمہ خان نے 26 نومبر احتجاج کیس میں فردِ جرم اور عدالت کے دائرہ اختیار دونوں کو چیلنج کر رکھا ہے۔