شادی کرنے والے جوڑوں کے لیے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ روپے کی سلامی

— پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبے “دھی رانی پروگرام” کے تیسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، جس میں ہر جوڑے کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے دو لاکھ روپے کی سلامی دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور میں منعقدہ تقریب میں 130 مستحق بیٹیوں کی اجتماعی شادیاں انجام پائیں۔ تقریب میں دولہا دلہنوں کے اہلِ خانہ کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔وزیرِ سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “دھی رانی پروگرام مستحق گھرانوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔” انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت فلاحی ریاست کے وژن کے مطابق عوامی فلاح کے منصوبوں پر عمل کر رہی ہے۔سہیل شوکت بٹ کے مطابق، پروگرام کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں 3 ہزار سے زائد بیٹیوں کی شادیاں کرائی جا چکی ہیں، جبکہ رواں سال 5 ہزار سے زیادہ مستحق بیٹیوں کی شادیاں کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “اجتماعی شادیوں جیسے پروگرام نہ صرف مالی معاونت فراہم کرتے ہیں بلکہ خواتین کی عزت، خودداری اور سماجی بہبود کے فروغ کا عملی اظہار بھی ہیں۔”