سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کر گئے

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی انتقال کر گئے۔صدر آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظار کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق آغا سراج درانی 72 سال کی عمر میں کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ انہیں تقریباً ایک ماہ قبل دماغ میں خون جم جانے (برین ہیمرج) کی شکایت ہوئی تھی، جس کے باعث وہ اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ڈاکٹروں نے آج ان کے انتقال کی تصدیق کردیآغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے وفادار اور سینئر رہنما تھے۔ وہ 5 اکتوبر 1953ء کو شکارپور میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے حاصل کی اور سندھ مسلم لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری لی۔انہیں دو بار سندھ اسمبلی کا اسپیکر منتخب کیا گیا۔ وہ 31 مئی 2013ء سے 25 مئی 2024ء تک اسپیکر کے عہدے پر فائز رہے، جبکہ مارچ 2022ء سے اکتوبر 2022ء تک قائم مقام گورنر سندھ بھی رہے۔آغا سراج درانی نے 1988ء میں پہلی بار سندھ اسمبلی کے رکن کے طور پر انتخاب جیتا، تین بار صوبائی وزیر اور دو بار اسپیکر منتخب ہوئے۔ ان کا شمار شہید بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں ان کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شرجیل انعام میمن، ضیاء الحسن لنجار اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سمیت کئی رہنماؤں نے مرحوم کے لیے دعا مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ آغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا مقصد بنایا۔