وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن معاہدے کی تقریب میں شرکت کے لیے شرم الشیخ روانہ

وزیراعظم شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی خصوصی دعوت پر غزہ امن معاہدے کی تقریب میں شرکت کے لیے مصر کے شہر شرم الشیخ روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے ہونے والے عالمی امن سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ یہ اجلاس گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر کی جانے والی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے اور غزہ میں امن کے قیام کے لیے نہایت اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی اس سمٹ میں شرکت فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی تاریخی حمایت کی عکاس ہے، جس سے غزہ میں انسانی بحران سے نمٹنے اور تعمیر نو کی راہ ہموار ہوگی۔ تقریب کی صدارت مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے جبکہ ترک صدر طیب اردوان، فرانسیسی صدر، جرمن چانسلر، سعودی، قطری، برطانوی اور اطالوی وزرائے اعظم سمیت بیس سے زائد ممالک کے رہنما شریک ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور یورپی کونسل کے صدر بھی اجلاس میں موجود ہوں گے۔ معاہدے کے ابتدائی مرحلے میں قیدیوں کا تبادلہ، انسانی امداد کی فراہمی اور مرحلہ وار جنگ بندی شامل ہے، جس پر عملدرآمد کی نگرانی بین الاقوامی برادری کرے گی۔