خیبر پختونخوا کے سابق وزیرِاعلیٰ گھریلو خواتین کے جھگڑے کے باعث عہدے سے ہاتھ دھو بیٹھے: عظمیٰ بخاری

لاہور: پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کا سابق وزیرِاعلیٰ گھریلو خواتین کے جھگڑے کے باعث وزارتِ اعلیٰ سے ہاتھ دھو بیٹھا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے خیبر پختونخوا کے نئے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج موصوف اسمبلی میں بڑی بڑی باتیں کر رہے تھے کہ وہ پرچی پر نہیں بلکہ عوام کے ووٹوں سے وزیرِاعلیٰ بنے ہیں، مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کا پہلا وزیرِاعلیٰ نہ تو عدم اعتماد کے نتیجے میں ہٹا بلکہ دو گھریلو خواتین کے درمیان جھگڑے کے باعث وزارت سے محروم ہوگیا۔ عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا کہ جب پہلا وزیرِاعلیٰ ڈی نوٹیفائی ہی نہیں ہوا تو دوسرا وزیرِاعلیٰ کیسے منتخب ہوسکتا ہے؟پنجاب کی وزیرِاطلاعات نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں آئینی اور انتظامی بحران پیدا ہوچکا ہے، جس کا نقصان عوام کو بھگتنا پڑے گا۔