افغان بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اور اس کے بعد انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔سید مراد علی شاہ

— سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ افغان بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اور اس کے بعد انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔
صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض لوگ ہر معاملے کو منفی رنگ دیتے ہیں۔ اگر پولیو ویکسین میں کوئی مسئلہ ہوتا تو مرحومہ محترمہ بینظیر بھٹو اور آصفہ بھٹو جیسی شخصیات بھی ویکسین نہیں پلاتیں۔ انہوں نے علماء اور سماجی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ پولیو بچاؤ مہم میں حصہ لیں۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جو والدین پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کریں گے، ان کے لیے چیف منسٹر ہاؤس میں سیل قائم کیا گیا ہے جہاں سارا ڈیٹا ریکارڈ کیا جائے گا اور بعد ازاں والدین سے رابطہ کر کے انہیں آگاہی دی جائے گی تاکہ قطرے پلانے کی اہمیت سمجھائی جا سکے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیو وائرس اب صرف چند ممالک میں رہ گیا ہے اور یہ ہمارے لیے شرمندگی کی بات ہے کہ ہم ابھی تک پولیو کو ختم نہیں کر سکے۔ افسوس ہے کہ اس سال صوبے میں پولیو کے 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو بچاؤ کی ہفتہ وار مہم سہراب گاؤں میں بھرپور طور جاری رہے گی۔ انہوں نے دہرایا کہ افغانی بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور بعد ازاں انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر سرحد پر حملے ہوئے ہیں تو ان کا جواب دیا گیا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں فوج کے ساتھ ہیں۔ سرحدوں پر خطرات موجود ہیں مگر پولیو مہم کو کوئی روکے گا نہیں — یہ بھی ایک جنگ ہے جسے ہمیں لڑنا ہے تاکہ بچوں کو اس موذی بیماری سے بچایا جا سکے۔