پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی جاری ہے۔ پاکستانی فورسز کی بھاری ہتھیاروں کے استعمال کی ویڈیوز منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاک فوج کی آرٹلری گنز افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ کارروائی کے دوران دشمن کے کئی ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سپین بولدک سیکٹر میں افغان طالبان کا عصمت اللہ کرار کیمپ تباہ کر دیا گیا ہے، جو طالبان کے سب سے بڑے اور اہم کیمپس میں شمار ہوتا تھا۔ اس کیمپ سے پاکستان مخالف دہشتگرد کارروائیاں کی جاتی تھیں۔ تباہی کے نتیجے میں افغان طالبان اور وہاں چھپے خارجیوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے کرم سیکٹر کے مخالف علاقے میں افغان طالبان کی توپسر پوسٹ پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ سامنے آنے والی ویڈیو میں پاکستانی فوجیوں کو توپسر پوسٹ کی جانب پیش قدمی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائیاں دشمن کی بلا اشتعال فائرنگ کے ردعمل میں کی جا رہی ہیں، تاکہ سرحدی سلامتی اور ملکی خودمختاری کو یقینی بنایا جا سکے۔