نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاک-افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال فائرنگ اور حملے سنگین خلاف ورزی اور شدید اشتعال انگیزی ہیں۔اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک افغان سرحدی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ پاکستان کی جوابی کارروائی فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کے دہشتگرد عناصر کو بے اثر کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا جواب امن پسند افغان شہریوں کو نشانہ نہیں بنا رہا، بلکہ دفاعی کارروائیوں میں شہری جانی نقصان سے بچنے کے لیے انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ امید ہے عبوری افغان حکومت دہشتگردوں کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کرے گی، جب کہ پاکستان اپنی سرزمین، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کی جانب سے پاک افغان بارڈر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں پاک فوج نے دشمن کی متعدد چیک پوسٹیں تباہ کر دیں اور افغان طالبان سمیت خارجی دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی کے دوران افغان فورسز کی سرنڈر کرنے کی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔