ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک میجر سبطین حیدر شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق 8 اکتوبر 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، جس کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنتہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگرد مارے گئے۔آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے دہشتگردوں کو پسپا کر دیا گیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں میجر سبطین حیدر، جو آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف مختلف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔فوج کے ترجمان نے بتایا کہ علاقے میں باقی بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ فتنتہ الخوارج کی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشن اور 7 دہشتگردوں کے ہلاک ہونے پر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ شہید میجر سبطین حیدر کے لیے بلند درجات اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔