خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ کے انتخاب سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف کو بڑا دھچکا لگا ہے، کیونکہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے اسمبلی ارکان کو آزاد حیثیت دے دی ہے۔رپورٹس کے مطابق، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل سے منسلک قومی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے تمام ارکان کو اب آزاد ارکان کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد جماعتوں کی پوزیشن میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور نئی فہرستیں بھی جاری کردی گئی ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشنز کو نئے سرے سے ترتیب دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ارکان کی وابستگی پی ٹی آئی یا سنی اتحاد کونسل کے ساتھ ظاہر نہیں کی جائے گی۔
