اسرائیل اور حماس کے معاہدے کے بعد نیتن یاہو اور ٹرمپ کا رابطہ، ایک دوسرے کو مبارکباد

اسرائیل اور حماس معاہدہ: نیتن یاہو اور ٹرمپ کا رابطہ، ایک دوسرے کو مبارکبادحماس اور اسرائیل کے درمیان یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر دستخط کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے معاہدے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران نیتن یاہو نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک سفارتی کامیابی اور اسرائیلی ریاست کی قومی و اخلاقی فتح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس اہم مرحلے تک فوجی کارروائیوں، اپنے عظیم دوست اور اتحادی صدر ٹرمپ کی کوششوں کے ذریعے پہنچے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق، نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کو اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیست) سے خطاب کی دعوت بھی دی ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس امن معاہدے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر چکے ہیں، جبکہ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت تمام یرغمالیوں کی جلد رہائی عمل میں لائی جائے گی۔