تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا اعلیٰ سطحی کاروباری وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔دفترِ خارجہ کے مطابق وفد کی قیادت شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کر رہے ہیں، جو پاک–سعودی مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین بھی ہیں۔ترجمانِ دفترِ خارجہ نے بتایا کہ سعودی وفد پاکستانی قیادت، اعلیٰ سرکاری حکام، چیمبرز آف کامرس اور مختلف کاروباری گروپس سے ملاقاتیں کرے گا۔دورے کا مقصد دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ترجمان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اقتصادی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا مظہر ہے۔دوسری جانب وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے سعودی سرمایہ کاروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں اعلیٰ حکام اور پاکستانی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔عشائیے میں سعودی وفد کی قیادت پرنس منصور بن محمد آل سعود نے کی۔اس موقع پر سردار یاسر الیاس نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قریبی دوست اور اہم تجارتی شراکت دار ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع، صنعتی ترقی اور سیاحت کے شعبے میں عالمی سطح پر فروغ کے نئے دروازے کھلیں گے۔
