سندھ حکومت نے پولیو ویکسینیشن سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف سخت کارروائی پر غور شروع کردیا ہے، جس کے تحت ان کے موبائل فون کی سمز بند کرنے، قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ معطل کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میرے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا سوائے اس کے کہ اُن لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے جو پولیو کے خاتمے کی قومی ذمہ داری سے غفلت برت رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جو والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کریں گے، ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ مواصلاتی اور سفری سہولتوں سے محروم رہیں۔دوسری جانب، کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ضلع ساؤتھ میں انسدادِ پولیو مہم کے جاری اقدامات کا جائزہ لیا اور مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
