سوئی ناردرن گیس کمپنی (SNGPL) کے مینیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے عوام کی سہولت کے لیے گھریلو گیس کنکشن پر لگائی گئی پابندی ختم کر دی ہے اور LNG کنکشن کے لیے بھی منظوری دے دی گئی ہے۔اسلام آباد ریجنل آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈی SNGPL نے بتایا کہ اس سال 3 لاکھ کنکشنز کا ہدف پورا کیا جائے گا اور آئندہ سال سے ہر سال 6 لاکھ گھریلو صارفین کو کنکشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس حوالے سے SNGPL کے ہیڈ آفس میں مانیٹرنگ یونٹ قائم کیے گئے ہیں جبکہ ریجنل سطح پر بھی مانیٹرنگ یونٹس بنائے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 2 لاکھ 45 ہزار لوگوں کے ڈیمانڈ نوٹس پہلے ہی جمع تھے جنہیں خطوط لکھے جا چکے ہیں۔عامر طفیل نے بتایا کہ LPG سلنڈر ہماری LNG کے مقابلے میں 30 فیصد مہنگا ہے، لہذا صارفین کو سلنڈر خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ گیس گھروں پر دستیاب ہوگی۔انہوں نے عوام سے کہا کہ کسی کی غلط معلومات پر نہ آئیں، بلکہ براہ راست آن لائن یا دفاتر میں جا کر درخواستیں جمع کرائیں۔LNG کی قیمت 3200 روپے فی MMBTU مقرر کی گئی ہے، جو دوسری گیس کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہے۔
