سلطان کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد جعفر ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹڑی سے اتریںسلطان کوٹ اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتریں۔ریلوے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ بوگیوں کے پٹڑی سے اترنے کے باوجود کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔ذرائع کے مطابق ٹریک کلیئر کروانے کے بعد ٹرین کو منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔ جعفر ایکسپریس راولپنڈی سے کوئٹہ جا رہی تھی۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سلطان کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق مراد علی شاہ نے ہدایت دی ہے کہ ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوع پر بھیج کر متاثرہ مسافروں کو بروقت امداد فراہم کی جائے۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع پر موجود ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
