ڈی جی آئی ایس پی آر کا انکشاف: معرکۂ حق میں بھارت کو بھاری نقصان، پاکستان کا کوئی طیارہ نہیں گرا

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ معرکۂ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ گرانے میں کامیاب نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے غیر ملکی جریدے بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کی دفاعی ترقیاتی حکمتِ عملی ہمیشہ مؤثر اور کارگر پلیٹ فارمز کے ساتھ اندرونِ ملک تیار کردہ ٹیکنالوجی کو شامل کرنے پر مبنی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی ٹیکنالوجی — خواہ وہ خود ساختہ ہو یا مشرقی یا مغربی ممالک سے حاصل کردہ — کو اپنانے کے لیے تیار رہتا ہے، تاہم پاکستان بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی بھی اعداد و شمار یا حقائق کو چھپانے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ معرکۂ حق کے دوران بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ گرانے میں ناکام رہا۔بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سات بھارتی طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کی تھی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستان کے چینی ساختہ J-10C طیاروں نے رافیل سمیت بھارتی فضائیہ کے متعدد طیارے تباہ کیے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاکستانی ہتھیاروں اور چینی دفاعی پلیٹ فارمز کی مؤثر کارکردگی کی بھی توثیق کی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان نے Z-10ME حملہ آور ہیلی کاپٹر کو اپنے ہتھیاروں میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔مزید بتایا گیا کہ پاکستان چینی ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ امریکی ساختہ F-16 طیاروں کا بھی استعمال کرتا ہے، جو ملکی دفاعی نظام کو مزید مضبوط بناتا ہے۔