سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد بینچ نے گمشدہ کمسن حبیب اللہ پلی کو کل تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔سرکٹ بینچ حیدرآباد میں دولتپور سے لاپتہ بچے کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے ایس ایس پی نوابشاہ اور دولتپور پولیس کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔سماعت کے دوران جج نے ایس ایس پی سے استفسار کیا کہ بچے کی بازیابی کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ تاہم ایس ایس پی عدالت کو مطمئن نہ کر سکے۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ حبیب اللہ پلی کو لاپتہ ہوئے 20 روز گزر چکے ہیں، مگر پولیس عدالتی احکامات کے باوجود بچے کو بازیاب کرانے میں ناکام رہی ہے۔عدالت نے ایس ایس پی نوابشاہ کو حکم دیا کہ گمشدہ بچے کو کل تک بازیاب کر کے عدالت میں پیش کیا جائے، جس کے بعد سماعت ملتوی کر دی گئی۔
